اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کی گئی تمام شرائط کو مکمل طور پر پورا کر رہی ہے اور مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگست میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال اگست میں یہ شرح 27 فیصد کے قریب تھی۔ محصولات کی مد میں بدعنوانی کا خاتمہ اور اسمگلنگ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا سدباب کیا جانا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اخراجات میں کمی، رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائزنگ کو یقینی بنانا، اور گردشی قرضے کم کرنا بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت موثر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، اور ترقی کا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان میں وسائل اور قابل اذہان کی کمی نہیں ہے۔ نیا آئی ایم ایف پروگرام بھی مل جائے گا، لیکن یہ ذہن نشین کرنا ضروری ہے کہ یہ پروگرام آخری ہونا چاہیے تاکہ ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے۔

