اسلام آباد: ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر اور تعداد میں اضافہ کرنے کے معاملے پر حکومتی اتحاد دو تہائی اکثریت کے قریب پہنچ گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف اہم آئینی قانون سازی کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو آج رات کے کھانے پر مدعو کیا ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
اسی طرح صدر زرداری کی دعوت پر پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز ایوان صدر میں جمع ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں معاشی صورت حال اور مجوزہ آئینی قانون سازی پر مشاورت ہوگی۔ حکومت ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے اور اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعداد بڑھانے جیسے آئینی پیکج لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
حکومتی اتحاد قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے قریب ہے، اور جے یو آئی کی حمایت ملنے پر حکومت کو مزید تین ووٹ درکار ہوں گے۔ سینیٹ میں حکومت کو مطلوبہ 64 ووٹ ملنے کی امید ہے۔

