English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو لانگ مارچ و پہیہ جام ہڑتال کے آپشنز موجود ہیں، حافظ نعیم

there will be protests in Islamabad

کراچی:امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےکہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے کو ایک ماہ ہوچکا ہے، وزیر داخلہ نے منصورہ آکر پیش رفت سے آگاہ کرنے کا اعلان کیا ہے،ہمیں اعلانات نہیں عملی اقدامات اورعوامی مسائل کا حل چاہیے، ہم مشاورت کررہے ہیں پہلے ہم نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑ تال کی تھی، اب ہڑتال ایک نہیں بلکہ کئی ہڑتالیں ہوسکتی ہیں اورلانگ مارچ وپہیہ جام ہڑتال کے آپشنز بھی موجود ہیں۔

ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے  کہاکہ  آئی پی پیز سے ہونے والے مذاکرات اور عوام دشمن و ظالمانہ معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں،شہر کراچی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،پورا شہر کچرا زدہ بنا ہوا ہے،سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں،پیپلز پارٹی نے تمام اختیارات اپنے پاس مرتکز کئے ہوئے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، لیکن پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے الیکشن پر قبضہ کرکے اپنا میئر بنالیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ 2015میں آخری مرتبہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بھی کورٹ کے کہنے پر ہوئے تھے،کے پی،اسلام آباد، سندھ میں بھی کورٹ کے کہنے پر ہوئے تھے، ابھی اسلام آباد میں بھی حکومت نے ایکٹ کا بہانہ بناکر بلدیاتی الیکشن آگے بڑھادیے،جماعت اسلامی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار اور بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے پورے پاکستان کی بنیاد پر عدالتوں سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم جاری ہے،ہم مزدوروں،نوجوانوں، کسانوں کے پاس جارہے ہیں،جماعت اسلامی کو عوام کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے، عوامی رائے سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی جماعت ایسی نہیں ہے جو عوامی ایشوز پر آواز بلند کرتی ہو، پاکستان کے مرد وخواتین بالخصوص نوجوان جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا حصہ بنیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے