اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز پر رات گئے ہونے والے چھاپے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ وہ اس واقعے کو سنجیدگی سے دیکھیں گے اور کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ پر پہلا حملہ ہوا وہ خود اسپیکر تھے اور اب دوبارہ پارلیمنٹ لاجز پر حملہ ہوا ہے، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے تمام ویڈیوز طلب کرلی ہیں اور اگر ایف آئی آر بھی کٹوانی پڑی تو وہ اس کا حکم دیں گے۔ ذمہ داران کا تعین کرنا ضروری ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسپیکر نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو چیمبر میں طلب کیا، جس پر علی محمد خان، اعظم نذیر تارڑ، نوید قمر، اور محمود خان اچکزئی نے اسپیکر کے چیمبر میں مشاورت کے لیے شرکت کی۔
پی ٹی آئی کے ارکان نے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی، اور ایس ایس پی کو بھی طلب کرلیا تاکہ واقعے کی تحقیقات اور مزید کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

