اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ ملک کو مزید ترقی دینے کے لیے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، قرضوں کے جال سے نکلنا ہوگا، آئے روز قرضوں کی درخواستوں سے ہم اپنی ایٹمی قوت کی اہمیت کم کررہے ہیں، اس حوالے سے حکومت اقدامات کررہی ہے، حکومتی اقدامات سے پاکستان کی معیشت کو چار چاند لگیں گے، ہماری خواہش ہے کہ پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجیٹ میں آجائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو آگے لے کر چلیں، جس کے بعد ہم شرح نمو میں اضافے کیلیے اقدامات اٹھائیں گے،آہستہ آہستہ تبدیلی آرہی ہے، شرح سود میں دو فیصد کمی سے تمام شعبوں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبات کو پورا کرنے کیلیے چینی سفیر نے بھی بہت کاوشیں کیں، بہت جلد عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نئی پالیسیاں متعارف کروائیں گے، پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
شہباز شریف نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے، اقوام متحدہ ، سیکیورٹی کونسل، عالمی عدالت سے جو بھی فیصلے آئے اُس کو اسرائیل نے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ، انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والے اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

