اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کیلئے درکار نمبر پورے ہوچکے ہیں، کل قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کی راہداری میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں آئینی ترامیم پیش کی جائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فی الحال آئینی ترمیم پیش کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس وقت اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں کا معاملہ زیر بحث ہے اور آئینی ترامیم کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ گرفتاریاں اور پروڈکشن آرڈرز کا مسئلہ اہم ہے اور اس پر وزیر داخلہ کو بھی اجلاس میں بلایا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اس تضاد نے آئینی ترمیم کے حوالے سے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس میں کیا ہوگا یہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔

