بدین (نمائندہ جسارت) مرکزی مسلم لیگ کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے باب الاسلام سندھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، عظیم الشان کانفرنس میں ہزاروں فرزندان اسلام کے علاوہ دیگر کاروباری افراد، شہریوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی قائدین کے علاوہ علمائے کرام، ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی محمد یوسف کشمیری، صدر مرکزی مسلم سندھ و بلوچستان فیصل ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ چھوٹے لوگ اسلام اور نبی کریم ؐپر دست درازی کرکے اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے اپنی دنیا اور آخرت برباد کر رہے ہیں، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، سندھ کی واحد شناخت باب الاسلام ہے جسے کوئی تبدیل نہیں کرسکتا، اسلام کے ساتھ جڑ کر رہنے ہی میں عافیت ہے۔ قائدین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ حقوق کے نام پر عوام کو گمراہ کررہے ہیں، حقوق کا اصل وارث تو اسلام ہے، پاکستان کا دستور کہتا ہے کہ محمد صلی اللہ وسلم کے شان میں گستاخی نہیں کی جاسکتی، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے، ہمارے رسول نے اقلیتوں کے حقوق بتا دیے تھے، کوئی بھی مسلمان رواداری کے نام حرمت رسول کے واقعات نا قابل برداشت ہیں۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتیں محفوظ ہیں تو اس کی وجہ بھی اسلام ہے، رواداری کا نعرہ لگانے والوں سے پوچھنا چاہتا ہوں جب بات اسلام اور مسلمانوں کی آجائے تو تب تمہاری رواداری کہاں مرجاتی ہے؟ آج فلسطین میں ہونے والے مظالم تمہیں کیوں نظر نہیں آتے؟ تم جن آقاؤں کا کھیل سندھ میں کھیلنا چاہتے ہو یا جن کی فنڈنگ پر سندھ کا امن تباہ کرنے کے درپے ہو ، مرکزی مسلم لیگ تمہیں ہرگز ایسا نہیں کرنے دے گی۔ انہوں نے کہا سندھ غیرت مندوں کی سرزمین ہے، جب تک ایک مسلمان بھی اس سرزمین پر زندہ ہے وہ تمہارے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گا۔ صوبائی صدر علماء و مشائخ حافظ محمد انور جنرل سیکرٹری بدین محمد عاطف گجر، عقیل احمد لغاری صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن، محمد انور علماء مشائخ ونگ پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ ، شہباز عبدالجبار صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد، شعیب سندھی صدر مرکزی مسلم لیگ میرپور خاص ڈویژن، خالد سیف پاکستان مرکزی مسلم لیگ رابطہ کائونسل سندھ، فتح خان کھوسو، مقامی رہنما مرکزی مسلم لیگ، قاری محمود احمدعثمانی صدر علماء مشائخ ضلع بدین اور دیگر علماء کرام نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
