اسلام آباد( آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالج سے معائنے کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوآج بدھ کے لیے نوٹس جاری کر تے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیاہے۔منگل کواسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ذاتی معالج سے میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری عدالت کے سامنے پیش ہوئے،سلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل آفس سے مجاز افسر کو طلب کیا اور کچھ دیرکے کے لیے وقفہ کیاگیااس دوران اسٹیٹ کونسل پیش ہوئے اور انھوں نے عدالت کوبتایاکہ ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا ایک دن میں 3 دفعہ چیک اپ کرتا ہے، 15اکتوبر کو پمز کا میڈیکل بورڈ کیا اس نے بھی چیک کیا، عدالت نے استفسار کیا اگر ڈاکٹر فیصل طبی معائنہ کرلیں تو اس میں آخر حرج کیا ہے؟جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ کل کے لیے نوٹس کررہا ہوں درخواست پر فیصلہ کروں گا۔مزید سماعت آج بدھ کوہوگی۔
