اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے، ہراسانی کے واقعات میں ملوث افراد اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں 15 سال قید اور بھاری جرمانے کی منظوری دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے قواعد کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ریاستی اداروں اور سرکاری شخصیات کے خلاف پروپیگنڈے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سائبر کرائمز میں ملوث افراد کو 5 سے 15 سال تک کی قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ اقدامات سوشل میڈیا پر بڑھتی جعلی خبروں ، جھوٹی افواہوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے ۔
مزید یہ کہ، این سی سی آئی اے 11 ماہ کے بعد مکمل اختیارات کے ساتھ فعال ہو گئی ہے اور اسے سائبر کرائمز کے خلاف عالمی اداروں سے رابطہ کرنے کی بھی اجازت حاصل ہے۔
نگراں حکومت نے دسمبر 2023 میں این سی سی آئی اے کے قیام کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ ختم ہو جائیں گے، اور متعلقہ افسران ایک سال تک اس اتھارٹی میں خدمات انجام دیں گے۔

