English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

توشہ خانہ کیس : بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ، رہائی تاحال نہ ہوسکی

اسلام آباد: توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کی آج رہائی ممکن نہیں ہے ۔ سینئر اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت کے باعث روبکار جاری نہ ہوسکی ۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل تک نہیں پہنچ سکی، جس کی وجہ سے آج ان کی رہائی نہیں ہو سکے گی۔ جیل زرائع کے مطابق روبکار موصول ہونے پر قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی ۔

پی ٹی آئی وکلا مچلکے جمع کرانے کے لیے عدالتوں کے چکر لگاتے رہے جس دوران عدالتی وقت ختم ہوگیا۔

بشری بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ جن ججز نے رہائی کی روبکار جاری کرنی تھی، وہ دستیاب نہیں ہیں۔ متعلقہ جج کے دستخط کے بعد کل روبکار جاری ہونے کا امکان ہے۔ جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے بشری بی بی کی رہائی کا قانونی عمل کل مکمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس ٹو میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرلی گئی تھی ۔

توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، وکیل سلمان صفدر اور ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔

گزشتہ روز بشریٰ بی بی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کر لیے تھے جبکہ آج ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے دلائل کا آغاز کیا تھا۔

دوران سماعت جسٹس حسن اورنگزیب نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کیا آپ کو بشریٰ بی بی سے تفتیش کی ضرورت پڑی؟

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جواب دیا نہیں مجھے ضرورت نہیں پڑی، فاضل جج نے کہا بہت شکریہ۔

جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو عمران خان کو ملزم کیوں بنایا گیا۔

اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے جواب دیا کہ کیوں کہ پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے۔

عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشری بی بی کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر کے عوض منظور کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے