English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

موسلا دھار بارش نے ایک بار پھر بنگلور والوں کو رُلا دیا

بھارت کے بیشتر بڑے شہروں میں بارش سے نپٹنے کے بہترین انتظامات ہوا کرتے تھے مگر اب یہ شہر بھی پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے بیشتر بڑے شہروں جیسے ہی ہوتے جارہے ہیں جہاں بارش انتظامیہ کو ذلیل کرنے پر تُل جاتی ہے۔

چند ماہ کے دوران بھارت میں موسلا دھار بارشوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مقامی اداروں کی کارکردگی کا بھی پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

اب کے مون سون کی بارشوں نے بہت سے بھارتی شہروں میں مقامی اداروں کے انتظامات کا تمسخر اڑایا ہے۔ لاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ جنوبی ریاست کرناٹک کا دارالحکومت بنگلور بھارت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کا دارالحکومت تصور کیا جاتا ہے۔ اِسے انڈین سلیکون ویلی بھی کہتے ہیں۔ اس شہر کا یہ حال ہے چند ہفتوں کے دوران موسلا دھار بارشوں سے اس کے بیشتر علاقوں کا حال انتہائی بُرا ہوگیا ہے۔

پچھلی بارشوں کے شدید منفی اثرات ابھی ختم نہیں ہوئے تھے کہ بدھ کو ایک بار پھر موسلا دھار بارش نے بنگلور کو آلیا۔ بارش کا یہ اسپیل بھی اِتنا زوردار تھا کہ لاکھوں افراد مشکلات میں گِھرگئے۔ بہت سے مقامات پر پانی اتنا بھرگیا کہ لوگوں کے لیے گاڑیاں گزارنا دوبھر ہوگیا۔

بنگلور کے ایک بڑے فلائی اوور پر گزشتہ روز بارش کے باعث ایسا ٹریفک جام پیدا ہوا کہ لوگ کئی گھنٹے پھنسے رہنے کے بعد مجبور ہوکر اپنی گاڑیوں کو چھوڑ کر پیدل گھر چلے گئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ شہری اداروں نے پچھلی بارشوں سے سبق سیکھتے ہوئے بارش سے نپٹنے کے معقول انتظامات نہیں کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے