
ڈی آئی خان: دہشت گردوں کے ایف سی کے قافلے پر حملے میں 10 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایف سی کا قافلہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ درازندہ کے علاقے میں زام چیک پوسٹ کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک مسلح دہشت گردوں نے جدید بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کردیا، جس میں دس اہل کار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔
دہشت گردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور لاشوں و زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا۔
حملے میں شہید ہونےو الوں میں نائب صوبیدار محمد جان ، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخون زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبد الصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر مہتاب شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں۔
صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزیر داخلہ و دیگرنے دہشت گردوں کے حملے میں ایف سی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
