کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر آئینی ترمیم کے خلاف بے بنیاد مہم چلائی۔
وزیر اطلاعات سندھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی میڈیا بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں سامنے آیا، بانی پی ٹی آئی کو لانچ کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی اور انکے خاندان کا ایک ایک فرد مشن پر ہے، یہ سیاسی الزام نہیں ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر آئینی ترمیم کے خلاف بیبنیاد مہم چلائی، 26 ویں آئینی ترمیم کامیابی سے منظور ہوئی، پی ٹی آئی نے مولانا کا ڈرافٹ منظور کیا، ماضی میں تاریخ کا بدترین انتقام پیپلزپارٹی سے لیا گیا، بلاول بھٹو کی ہدایت پر ترقیاتی ایجنڈے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، عوام کی زندگی کو آسان بنانا ترجیح ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ میں 2 لاکھ خاندانوں کو سولر سسٹم دیے جا رہے ہیں، عام کسان کو بیج اور کھاد چاہیے، کسانوں کے لیے کسان کارڈ لائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین کیلئے پنک بس چل رہی ہے، کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں لارہے ہیں، یہ تمام کام عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہیں، تمام چیلنجز کے باوجود ہر محکمہ اپنا کام کر رہا ہے، واپڈا کی نااہلی کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے کراچی میں 6 پراجیکٹ کا افتتاح کیا، عبداللہ کالج سے قلندریہ چوک تک شارع نور جہاں روڈ تعمیر ہوا، شیرشاہ چوک سے مرزا آدم خان تک روڈ مکمل کیا گیا، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی سینٹرل جیل میں 615 کلوواٹ کا سولر سسٹم لگایا گیا، کراچی سینٹرل جیل کو بھی سولرائز کردیا گیا۔

