English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنوقابل: آئندہ 2سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو کورسز کرائیں گے، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود حکومت نوجوانوں کو تعلیم کے لیے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی، متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، 25کروڑ عوام کو حکمرانوں نے اپنے ظلم و جبر سے یرغمال بنایا اور ملک کی دولت پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

الخدمت کے تحت کراچی کے نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروانے  کے لیے سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا اور عید گاہ گراؤنڈ گلشن ِ معمار میں بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  ملک اور قومی وسائل پر قابض حکمرانوں سے نجات اور قبضہ مافیا سے جان چھڑانے کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ہمت کریں، آگے بڑھیں، پاکستان کا نام روشن کریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ  گزشتہ سال کے دوران بنو قابل پروجیکٹ کے ذریعے 50ہزارسے زائد طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکے ہیں جو طلبہ ڈگری کورس کرنا چاہتے ہیں ان کو مفت ڈگری کورس بھی کروائیں گے اور ان کے روزگار کے لیے بھی سہولت اور معاونت کریں گے،بنو قابل 2.0,1.0 اور 3.0مکمل ہوچکے ہیں 4.0میں مزید 50ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ   کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ آفیسز بنانے جا رہے ہیں، 7نومبر کو لاہور میں نوجوانوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک بڑا پروگرام کریں گے،آئندہ 2سال میں 10لاکھ نوجوانوں کو کورسز کرائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،نوجوانوں میں بڑاپوٹینشل ہے۔ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ملک کو اللہ تعالی نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے لیکن چند لوگ ان پر ناگ بن کر بیٹھ گئے ہیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے ظالمانہ معاہدہ کرنے والوں نے عوام کے پیسوں پر ڈاکا ڈالا۔

انہوں نے مزید کہاکہ   حکمرانوں نے ان کی سرپرستی کی، ہمیں مختلف محاذوں پر کام کرنا ہے۔ حکمرانوں سے بھی مقابلہ کرنا ہے، نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں،جتنی محنت ہمارا نوجوان ملک سے باہر کرتا ہے اس کی آدھی محنت پاکستان میں کریں ملک آگے بڑھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے