اسلام آباد: حکومت پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ ہونے کے بعد واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگربھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا توپاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکومت نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے نہ آنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے تعلقات بہتر نہ ہونے تک پاکستانی ٹیم کوئی میچ بھی بھارتی ٹیم کے ساتھ نہیں کھیلے گی، ہم نے ہمیشہ اچھے تعلقات قائم کرنے کے لیے اپنی ٹیم کو بھارت بھیجا ہے، لیکن بھارتی حکومت نے ہمیشہ کھیل کو سیاست کی نظر کیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہاکہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی سے پاکستان کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا، سیکورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامات کیے جارہے ہیں، کھلاڑیوں سمیت شائقین کو کسی بھی پریشانی سے بچانے کے لیے نئے اسٹیڈیم تعمیر کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ ویب سائٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائےگی جبکہ بھارتی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بورڈ کی اجازت کی ضرورت ہے۔

