لاہور: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں، یہاں کوئی بھی تعیناتی سفارش پر نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اسموگ پر جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں، پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں،سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹ بھی بڑھ رہی ہیں، مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل کام ہے تاہم 38فیصد سے 7فیصد پر آنا بڑا کام ہے۔
مریم صفدر کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کے لوگوں کو مشورہ ہے کہ دوسروں پر تنقید کی جگہ اپنے صوبوں میں عوامی سہولیات پر توجہ دیں ، بیانات سے باہر نکل کر صوبے کے مسائل حل کریں، دیگر صوبوں کے عوام پنجاب کی ترقی پر اپنے صوبے کے حکمرانوں کو بددعائیں دیتی ہے۔

