اسلام آباد:ایکنک اجلاس میں 172 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی، جن کی مجموعی مالیت (لاگت) 172.7 ارب روپے ہے۔
ایکنک اجلاس میں منظور کیے گئے منصوبوں میں 6 پروجیکٹس بلوچستان کے ہیں جب کہ وزارت صحت کی جانب سے ایک منصوبہ کو مزید وضاحت کے لیے مؤخر کردیا گیا۔ ان منصوبوں میں سندھ، کے پی کے اور بلوچستان میں رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں سے متعلق منظور شدہ منصوبے شامل ہیں۔
اجلاس میں شہر قائد (کراچی) کے لیے 29.2 ارب روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے عالمی بینک کی معاونت سے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ قبل ازیں ایکنک اجلاس نے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
کمیٹی اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے قیام کے لیے 52 ارب 77 کروڑ 52 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی سندھ لائیو سٹاک اینڈ ایکوا کلچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے لیے 38 ارب 3 کروڑ 60لاکھ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔

