تہران: ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کو ساتھیوں سمیت سزائے موت دی جائے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ علی خامنہ ای نے غزہ پر جنگ مسلط کرنے والے صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو ان کے ساتھیوں سمیت سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا کہ جنگی جرائم کے مرتکب اسرائیلیوں کے لیے وارنٹ گرفتاری کا اجرا کافی نہیں ہے۔ مختلف ممالک سے آنے والے وفود سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ خصوصاً غزہ کی تباہی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو کو ان کے ساتھیوں سمیت سزائے موت سنائی جانی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پر جنگ مسلط کرکے اسرائیل نے جارحیت کی بدترین تاریخ بنائی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بنیادی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب کیا گیا ہے۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن کر غزہ میں 50 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔صہیونی ریاست اپنی جنگ کو غزہ سے توسیع دے کر لبنان اور شام تک لے گیا ہے، اب اسے لگام دینے ک ا وقت آچکا ہے۔

