
برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں برفانی طوفان کے باعث ملک کے جنوبی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ شدید برفباری کے باعث سڑکوں پر برف جمع ہونے سے آمدورفت معطل ہوگئی،جب کہ پھسلن سے کئی مقامات پر ٹریفک حادثات میں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے مزید چند روز برفباری کا امکان ظاہر کیا۔ حکام نے شہریوں کو بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات کی ہے۔ دوسری جانب طوفان برٹ سے برطانیہ میں تباہی کا سلسلہ نہ رک سکا اور مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ طوفان برٹ کے باعث برطانیہ اور ویلز میں 4 ہزار سے زائد عمارتیں بجلی سے محروم ہوگئیں، طوفان کے باعث 339 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ ساحلی علاقوں میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات نے 100 سے زائد سیلاب کے الرٹ جاری کیے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں بھی بارش اور برف باری کے باعث ہوائی اڈے اور ریلوے اسٹیشن بند کر دیے گئے،جب کہ مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق طوفانی ہواؤں کے باعث لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ پر لینڈنگ کرتے ہوئے طیارہ ڈگمگا گیا،تاہم کوئی حادثہ پیش نہیں آیا اور تمام افراد محفوظ رہے۔
