English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایف بی آر تاجروں کو سہولیات فراہم نہیں کرتا ،سلیم میمن

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن کی سربراہی میں چیمبر کے ایک وفد نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو حیدرآباد قاضی حفظ الرحمان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے چیف کمشنر قاضی حفظ الرحمان کو اُن کے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے اُن کے تعاون پر اعتماد کا اِظہار کیا۔ ملاقات میں کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز، بالخصوص پی او ایس سسٹم اور ٹیکس جمع کرنے کے نظام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی چیف کمشنر حفظ الرحمان نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ٹیکس کی ادائیگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ایف بی آر ہمیشہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے حاضر ہے اور تاجروں کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کاروباری برادری ایف بی آر کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر اور ریونیو فراہم کرنے والا اہم مرکز ہے۔ جہاں کے تاجر اور صنعتکار اپنی تمام ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے ایف بی آر کی جانب سے اُنہیں مطلوبہ سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پی او ایس سسٹم کی آگاہی کاروباری برادری میں ابھی بھی ناکافی ہے اور ایف بی آر کو اِس حوالے سے آگاہی سیشن منعقد کرنے چاہیئے۔ سرپرست اور کنونیئر برائے ایف بی آر سب کمیٹی حاجی محمد یعقوب نے کہا کہ حیدرآباد کو ایک تعاون کرنے والا چیف کمشنر ملنا خوش قسمتی ہے اور تمام سابقہ کمشنرز کو آج بھی یاد رکھا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے ہمیشہ ایف بی آر کے ساتھ بہترین تعلقات قائم رکھے ہیں اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی ہیں۔ چیمبر کے وفد میں سابق صدر سلیم الدین قریشی اور سیکریٹری جنرل فرقان احمد لودھی بھی شامل تھے۔ ایف بی آر کے دفتر سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر الطاف میمن، کمشنر زون ون محمد شمیم مرتضیٰ اور کمشنر زون ٹو نائب علی پٹھان نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے