
کوالالمپور ؍ کمپالا (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا میں طوفانی بارش کے باعث 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے، جس کے سبب ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے کہا کہ متاثرہ 6 ریاستوں میں سیلابی صورتِ حال سے 37 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش سے ریاست کلانتان سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، جہاں 30 ہزار 582 افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں سیلابی صورتِ حال کے سبب بے گھر ہونے والے متاثرین کے لیے 322 عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔دوسری جانب افریقی ملک یوگنڈا میں بھی بارش نے تباہی مچا دی،جس سے 9 افراد ہلاک ،جب کہ 40 مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوگنڈا کے مشرقی ضلع بلمبولی میں بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے 9 افراد ہلاک ہوئے اور مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ضلع بلمبولی کے اسسٹنٹ چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر رمضان تولہ نے بتایا کہ رات گئے 3علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت سرکاری سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں،خوراک اور عارضی پناہ گاہوں کی صورت میں انسانی امداد بھیجے گی۔
