اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما مراد سعید گرفتاری سے بچنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ( کےپی کے) ہاؤس پشاور میں روپوش ہے، گرفتاری کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپہ مارنا اچھا نہیں لگتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام لگایا کہ گزشتہ دنواسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے میں موجود شرپسند عناصر کی قیادت مراد سعید کررہے تھے، مراد سعید تربیت یافتہ جتھے کے ساتھ اسلام آباد کے احتجاج میں موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اسلام آباد کے پی ٹی آئی میں احتجاجی مظاہرے میں زیادہ تر غیرملکی افغانی شامل تھے، جو جرائم پیشہ وارداتوں میں ملوث ہیں، سارے کے سارے باقاعدہ تربیت یافتہ تھے، جو ماہر انداز میں آنسوشیل گیس فائر کررہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے احتجاجی مظاہر ے میں ناکامی پر پی ٹی آئی قیادت مسلسل پروپیگنڈا کرکے سوشل میڈیا پر جھوٹ بول رہی ہے، اسلام آباد کا امن برباد کرنے والے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت وفاقی دارالحکومت میں داخل ہوئے تھے۔
