گوادر (نمائندہ جسارت ) میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی، محکمہ تعلیم اور پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے تعاون سے جی ڈی اے ماڈل بیچ پارک میں منعقدہ تین روزہ عتیق الرحمن نواب ایجوکیشنل گالا کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاح گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین پسند خان بلیدئی، ڈپٹی انسپکٹر جنرل مکران ڈاکٹر پرویز عمرانی اور ٹرسٹ کے چیئرمین میر ارشد کلمتی نے فیتا کاٹ کرکیا۔ ایجوکیشنل گالا میں مختلف سرکاری و پرائیوٹ اسکولوں۔ سماجی تنظیموں، کاروباری دکانداروں کی جانب سے سائنسی ماڈل، بک اسٹالز،بوٹ میکنگ، بلوچی کلچر،مینا بازار،بلوچی خورو نوش، حلوائیاور بلوچی موسیقی سمیت دیگر مختلف اشیا کے اسٹالز لگائے گئے جبکہ وال پینٹگ، کوئز مقابلہ،کیریئر کونسلنگ سمیت مختلف مقابلے بھی اس تین روزہ گالا کا حصہ رہیں گے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں گزشتہ 2 سالوں سے گوادر میں ہوں اور دیکھ رہا ہوں کہ میر عبدالغفور ویلفیئر ٹرسٹ نے اس طرح کے بہت سے ایونٹ منعقد کیے ہیں جو حوصلہ افزا ہیں۔ ایجوکیشنل گالا کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ اس طرح کے ایونٹ میں گوادر پورٹ اتھارٹی نے ہر ممکن تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرتارہے گا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور علم و آگہی اور سائنس و ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ جو افراد سائنس و ٹیکنالوجی اور علم و آگہی میں آگے ہوگا وہی دنیا کے نقشے میں باوقار ہوگا اسی کی عزت ہوگی اور وہی دنیا میں حکمرانی بھی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ وجوہات کی بنا پر ہم علم و آگہی میں پیچھے رہ گئے تھے لیکن ابھی بھی دیر نہیں ہوئی ہے ہمیں اب بھی اپنا کوئی ڈائریکشن بنانا ہوگا اور آگے بڑھنے کے لیے محنت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ طالب علم اس قوم کے اچھے مستقبل کا ضامن اور روشن مستقبل کی گارنٹی ہیں۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نے ایجوکیشنل گالا میں حصہ لینے والے طالب علموں کے لیے پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل مکران ڈاکٹر پرویز عمرانی، بریگیڈیئر پاک آرمی احتشام الحق ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف انجینئر حاجی سید محمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل بلقیس سلیمان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالطیف دشتی، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالحفیظ،پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی قادر جان، گورنمنٹ ہائی اسکول جدید کے ہیڈ ماسٹر دلمراد ساجد، گورنمنٹ ہائی اسکول شمبے اسماعیل کے ہیڈ ماسٹر عبدالمجید کے بی، نامور ٹرانسپورٹر نواز کریم سمیت مختلف سرکاری افسران، اساتذہ اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
