ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمٰن کی رہائشگاہ آمد، مدارس بل پر صدر کے دستخط کی یقین دہانی

اسلام آباد:بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے، جس میں  انہوں نے مدارس بل پر صدر کے دستخط کی یقین دہانی کرائی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  مدارس بل کے  معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پہنچے جہاں  انہوں نے بل پر صدر مملکت کے دستخط اور بل کی منظوری کی یقین دہانی کروائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمٰن کی ناراضی دور کرنے کے لیے ان سے ملاقات کے لیے گئے۔ اس دوران ملکی سیاسی حالات پر بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ پر صدر کے دستخط نہ ہونے پر بھی بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر کامران مرتضیٰ، حاجی غلام علی، مولانا لطف الرحمٰن، مولانا اسعد محمود جب کہ بلاول بھٹو کے ساتھ راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی، جس کے بعد چیئرمین پی پی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کیے بغیر  چلے گئے جب کہ راجا پرویز اشرف اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن اور بلاول بھٹو کی ملاقات اچھی رہی۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ریاست کا صدر ہوتا ہے۔  بلاول بھٹو زرداری مدارس رجسٹریشن بل کے حوالے سے پہلے بھی ہمارے ساتھ تھے اور اب بھی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے بل پر صدر مملکت کے دستخط کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں