میرپورخاص(نمائندہ جسارت) دو ملزمان نے کاروکاری کے الزام میں نوجوان کو قتل کر دیا، لڑکی نے بھاگ کر بااثر شخص کے گھر پناہ لے کر اپنی جان بچائی، پولیس نے قتل کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر کے لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تعلقہ تھانے کی حدود میں دو ملزمان نے کاروکاری کے الزام میں 22 سالہ نوجوان وحید علی شر کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا جبکہ کاروکاری کے الزام میں آنے والی لڑکی کومل شر گھر سے بھاگ کر علاقے کے بااثر شخص کے گھر میں پناہ لے کر جان بچائی پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر موقع پر پہنچ کر دو ملزمان دھنی بخش شر اور سلیمان شر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ لڑکی کو اپنی حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کرانے کیلئے سول اسپتال منتقل کر دیا۔ ایس ایچ او آفتاب رند نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کاروکاری کے الزاام میں قتل کی اطلاع پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مقتول کی نعش کا پوسٹ مارٹم کروانے کیلئے سول اسپتال پہنچایا گیا ہے اور لڑکی کو پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔ ایس ایچ او کے مطابق مقتول کے چچا موسیٰ شر نے بتایا کہ ہمارے رشتے داروں کی لڑکی مقتول کے بھائی رزاق شر کے گھر آئی ہوئی تھی اور رزاق شر اسلام آباد میں کام کرتا ہے جس پر دھنی بخش شر، سلیمان شر اور اسماعیل شر نے طیش میں آ کر ہمارے گھر پر حملہ کر کے میرے بھتیجے وحید علی شر کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور کومل شر کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس نے گھر سے بھاگ کر جان بچائی ملزمان کاروکاری کا جھوٹا الزام عائد کر کے میرے بھتیجے کو قتل کیا ہے دوسری جانب پولیس کے مطابق ملزمان نے اعتراف جرم قبول کر لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ نوجوان کو کاروکاری کے الزام میں قتل کیا ہے۔
