
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنے والی ایک اور گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار میں موجود افراد بریلی سے پیلی بھیت جا رہے تھے۔ مسافروں نے گوگل میپس سے شارٹ کٹ دیکھ کر اس راستہ کا انتخاب کیا تھا لیکن ان کی کار خشک نہر میں جاگری۔ علاقہ مکینوں نے خشک نہر میں گری کار دیکھ کر زخمیوں کو ریسکیو کیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی گوگل میپ کے ذریعے سفر کرنے والی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
