English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میرپورخاص،معذورافراد کے عالمی دن پر سیمینار کا انعقاد

القمر

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)معذور افراد کا عالمی دن، نیشنل ڈس ایبلٹی الائنس پاکستان کے تعاون سے ادارہ گلستان معذورین میرپورخاص میں سیمینار کا انعقاد تفصیلات کے مطابق 3دسمبر معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر نیشنل ڈس ایبلٹی الائنس (NDA) پاکستان کے تعاون سے ادارہ گلستان معذورین میرپورخاص میں سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی میئر میرپورخاص سمیرا بلوچ، چیئرمین آرٹس فائونڈیشن شہزادوملک ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واش دیو، وقاص احمد (انفارمیشن ڈپارٹمنٹ) یوسی چیئرمین عبدالسلیم خان، معذورین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے معذور افراد کے عالمی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارہ گلستان معذورین نے نہ صرف میرپورخاص بلکہ عمر کوٹ، سانگھڑ اور تھرپارکر اضلاع کے ہزاروں معذورنوجوانوں میں شعور بیدار کرکے انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد میں تبدیل کردیاہے اور اب معاشرے کا یہ طبقہ مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر ترقی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں ملازمت سے لے کر دیگر سہولیات کی فراہمی تک 5فیصد اسپیشل کوٹہ پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔سرپرست ادارہ گلستان معذورین آفاق احمد خان اور صدر قمرالدین نے کہا کہ آئندہ سال گلستان معذورین کے پانچ افراد باہم معذورین کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے جدید کورس کے لئے اسکالر شپ کا انتظام کیا جائے گا تاکہ اسپیشل طلباو طالبات روزگار کی تلاش کے بجائے روزگار فراہم کرنے والا ادراہ بن سکیں ادارہ گلستان معذورین نے میرپور خاص ڈویژن میں اسپیشل بچوں اور بچیوں کی زندگی میں انقلاب برپا کیا ہے۔ آرٹس کونسل کے شہزادو ملک اور محکمہ اطلاعات کے وقاص احمد نے کہا کہ گلستان معذورین نے عالمی سطح کے کھلاڑی، آرٹسٹ اور ہنر مند افراد متعارف کرائے ہیںاور وہیل چیئر کرکٹ، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس، ایمبرائیڈری میں میرپورخاص شہر کا نام ملکی و غیر ملکی سطح پر روشن کیا ہے اور یہ تمام کامیابی اپنی مدد آپ کے تحت حاصل کی ہے۔ قبل ازیں ادارہ گلستان معذورین کے صدر عبدالحفیظ سرہیو اور جنرل سیکرٹری علی نواز کی صحتیابی کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی۔بعدازاں ادارہ گلستان معذورین کے عہدیداران قمرالدین، صلاح الدین، فیصل بروہی، اقبال، جے رام اور نوید نے مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کئے۔اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور معذور افراد کے عالمی دن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلیے ادارہ گلستان معذورین سے میرپور خاص پریس کلب تک واک کا اہتمام کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے