اسلام آباد:سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کا کردار پہلے نہیں سمجھ سکے، اب آنکھیں کھل گئی ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا ذہن بالکل قبائلیوں جیسا ہے، دشمنی ہو یادوستی، کھل کر کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کاسیاسی کردار اور دور اندیشی بے مثال ہے اور اس وقت ملک میں انتشار کی سیاست کے خاتمے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، مولانا فضل الرحمن کا کردار اب بھی اورآئندہ بھی اہم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن دشمنی اور تقسیم پیدا کرنے کی صورت حال نہیں ہونی چاہیے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ آئینی ترمیم اور عمران خان سے متعلق بات ہوئی ہے۔ ملاقات کے حوالے سے زیادہ بات نہیں کروں گا۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت قومی حکومت ہی ہے۔ میں اسٹیبلشمنٹ اور جوڈیشری کا حامی ہوں۔ چاہتا ہوں کہ ملک سے انتشار، تقسیم اور نفرت کی سیاست ختم ہو اور اس کے لیے میں ایم کیو ایم، ٹی ایل پی سمیت سب پارٹیوں کے پاس جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ سب کچھ عمران خان کی جان بچانے کے لیے کررہا ہوں۔ انہیں خود یہ سمجھنا ہوگا کہ میں ان کی زندگی کے لیے ہی کام کررہا ہوں۔ میں کچھ ملکوں کے دورے پر جا رہا ہوں، وہاں بھی عمران خان کے حوالے سے بات کروں گا۔

