English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید 2 فیصد کمی کردی، 13 فیصد مقرر

کراچی: اسٹیٹ بینک نے زری پالیسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد شرح سود میں 2 فیصد یا 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کا اعلان کیا، جس سے یہ 15 فیصد سے گھٹ کر 13 فیصد پر آگئی۔ یہ فیصلہ 17 دسمبر 2024ء سے نافذ ہوگا۔ 

اس کمی کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کا یہ مسلسل پانچواں موقع ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ نومبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 4.9 فیصد رہ گئی ہے، جب کہ جاری کھاتہ بھی مسلسل تیسرے ماہ مثبت رہا۔ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، جو 12 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ 

کمیٹی نے مالی سال 2025ء میں جی ڈی پی کی شرحِ نمو 2.5 سے 3.5 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی ہے، اور جولائی تا اکتوبر 2024ء کے دوران برآمدات میں 8.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی کے مثبت اثرات بھی پاکستانی معیشت پر دیکھے گئے  ہیں۔

زری پالیسی کمیٹی نے حکومت کو مالیاتی خسارے پر قابو پانے اور ٹیکس اہداف حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔ نجی شعبے میں قرضوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس سے معیشت میں سرگرمیاں تیز ہونے کی توقع ہے۔ 

مالی سال 2025ء کے لیے اوسط مہنگائی کا تخمینہ 11.5 سے 13.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جب کہ جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0 سے 1 فیصد کے درمیان رہ سکتا ہے۔ مہنگائی کی مجموعی شرح میں کمی ہوئی ہے لیکن صارفین کی مہنگائی کے حوالے سے توقعات بدستور بلند ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے