پشاور:شندور کی برف پوش جھیل پر منعقد ہونے والا چترال شندور آئس اسپورٹس چیلنج ایونٹ ختم ہوگیا۔
تاریخی ایونٹ میں گلگت بلتستان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئس ہاکی کے فائنل میں چترال کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔
ٹورازم اتھارٹی حکام کے مطابق فائنل میچ کا فیصلہ پینلٹی اسٹروکس پر ہوا، جہاں گلگت بلتستان کی ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ مقررہ تین ہاف میں مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، تاہم پینلٹی اسٹروکس میں گلگت بلتستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئس ہاکی کے انعقاد سے نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں مدد ملی بلکہ مقامی ثقافت کو بھی نمایاں کیا گیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئس ہاکی کا یہ ایونٹ اب ہر سال شندور ٹاپ پر منعقد ہوگا، تاکہ خطے کی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے اور مقامی افراد کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
چترال شندور آئس ہاکی میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی، جس نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔ شندور جھیل پر آئس ہاکی کے انعقاد کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیا گیا، جو سیاحت اور کھیلوں کے شعبے میں نئے امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔

