کوہاٹ: کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین کے درمیان امن معاہدے ہوگیا، فریقین کی جانب سے 45 ، 45افراد نے دستخط کرکے جرگہ ختم کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرگہ کے رکن ملک ثواب خان نے امن معاہدے میں دستخط ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فریقین 14نکات پر مشتمل معاہدے پر متفق ہیں،جس کے تحت فریقین کےدرمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم کرکے اسلحہ جمع کرائیں گے۔
جرگہ رکن کا کہناتھاکہ14 نکات پر مشتمل معاہدے میں طے ہوا ہے کہ تمام نقصانا ت کا ازالہ کیا جائے گا جبکہ بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دے کر سارے مورچے ختم کیے جائیں گے، راستےکھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ امن و امان کو یقینی بنانےکے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کرکام کیا جائےگا اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فریقین حکومت کے حوالےکریں گے۔ دوسری جانب کمشنر کوہاٹ نے بھی کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں امن معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک فریقین کی جانب سے 3 دستخط رہتے ہیں، باقی دستخط ہوگئے ہیں، امید ہے کہ باقی 3دستخط بھی جلد کردیے جائیں گے۔

