آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
آسٹریلیش کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں، جس کی وجہ سے ابھی تک انہوں نے بولنگ کا آغاز نہیں کیا۔ ان کی غیر موجودگی میں سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کی قیادت اسٹیو اسمتھ کر رہے ہیں۔
آسٹریلوی ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس بات کی تصدیق کی کہ کپتانی کے حوالے سے اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
میکڈونلڈ نے کہا کہ پیٹ کمنز نے ابھی تک بولنگ نہیں کی، اور ان کی انجری کی بنا پر چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا امکان بہت زیادہ ہے، اگلے چند روز میں میڈیکل رپورٹس سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ آل راؤنڈر مچل مارش پہلے ہی فٹنس مسائل کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔

