بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ہوید کے علاقے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد امن کمیٹی کے ممبران تھے جو گلبدین لنڈائی ڈاک میں جرگے سے واپس آرہے تھے۔ راستے میں گھات لگائے گئے دہشتگردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹے سمیت 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز علاقے میں خطرے کے پیش نظر چوکس ہیں اور حملے میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔