کراچی : تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے 8 فروری کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے ووٹ کے تحفظ۔آئین کی بالادستی،حقوق کے حصول، آزاد عدلیہ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے گھروں سے نکلیں۔
ان خیالات کااظہار قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی ، وائس چیئرمین سینٹر علامہ راجا ناصر عباس ، سیکرٹری جنرل اسد قیصر اور دیگر نے محمد زبیر کی رہائشگاہ پر عشائیے کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، یہ بحران اندر سے پیدا کیے گئے ہیں، ملک کے کئی ادارے نوکر کا کام کررہے ہیں، ہماری فوج یا کسی ادارے سے کوئی دشمنی نہیں ہے، ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، فوج کے بغیر ملک نہیں چل سکتا ہے۔غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک فاقوں کی طرف جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ایک بڑی پارٹی سے ان کا نشان چھین لیا، ملک کی بڑی جماعت کا لیڈر جیل میں ہے۔محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم اس ملک کے لیے لڑے ہیں۔باجوڑ سے خیبر تک حالات بہتر نہیں ہیں۔افغانستان ایشیاء کا دل ہے۔افغانستان کے مسئلے کو زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے حل کریں۔ مسائل کا حل طاقت نہیں ڈائیلاگ ہے۔
چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ ہم ادارے کے کہنے پر نہیں چلتے ہیں، اندازہ تھاکہ حکومت آئین پر حملہ آور ہوگی، فضل الرحمان بھی ہمارے ساتھ جلد شامل ہوجائیں گے۔حکمرانوں سے گلا ہے انہیں طرز حکمرانی نہیں آتی۔ وزیرستان آپ کا ہے۔دل سے لگائیں تو مسائل حل ہوں گے۔مدرسوں کو کس نے دہشت گردی میں تبدیل کی ہے؟۔حالات خرابی کا ذمے دار میں تو نہیں ؟۔