English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، را ایجنٹ سمیت 49 دہشتگرد گرفتار

القمر

پنجاب میں دہشت گردی کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں، جن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایک ایجنٹ سمیت مجموعی طور پر 49 مشتبہ دہشت گرد گرفتار ہوئے۔

حکام کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی تھیں اور ایک ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں منظم آپریشنز کیے گئے۔ لاہور سے گرفتار ہونے والے بھارتی ایجنٹ مجتبیٰ کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے، جو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار دہشت گرد مختلف مقامات پر حملے اور خوف و ہراس پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور خودکش جیکٹس بنانے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 599 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور تقریباً 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں۔

سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور ملک میں امن و امان کے قیام کو مستحکم کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے