سعودی عرب میں دہشت گردی کے الزامات ثابت ہونے پر تین افراد کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں حسین بن سالم بن محمد العمری، سعود بن ہلیل بن سعود العنزی اور بسام محسن مران السبیعی شامل ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد مقدمہ خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے شریعت اور سعودی قوانین کی روشنی میں سماعت کے بعد تینوں کو سزائے موت سنانے کا فیصلہ کیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ملزمان سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں میں دھماکہ خیز مواد نصب کرنے، اہلکاروں کو قتل کرنے کی کوشش اور دہشت گرد عناصر کو پناہ دینے جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معاشرے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔