English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مریم نواز نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک پولیس کار کا افتتاح کر دیا

القمر

لاہور: پنجاب میں ماحول دوست اور جدید پولیسنگ کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھا لیا گیا ہے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔

اس اقدام کے تحت پہلی مرتبہ پٹرولنگ کے لیے الیکٹرک گاڑی کو متعارف کرایا گیا ہے، جو توانائی کی بچت، کم لاگت اور زیرو کاربن اخراج کی نمایاں مثال ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور خود گاڑی چلا کر اس کے فیچرز کا جائزہ بھی لیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور میں جدید بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے ٹریفک اور پٹرولنگ کے فرائض انجام دیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق یہ جدید الیکٹرک گاڑی فی چارج تقریباً 410 کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور صرف 30 منٹ میں 30 سے 80 فیصد تک تیزی سے چارج ہو جاتی ہے۔ گاڑی میں جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ، سرویلنس آلات اور اسپیڈ ڈیٹیکشن سسٹم نصب کیے گئے ہیں، جو پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت پٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ تقریباً 28 ہزار لیٹر ایندھن استعمال کرتی ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ آتا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے سالانہ فی گاڑی تقریباً 4 ہزار 500 لیٹر ایندھن کی بچت ممکن ہوگی، جس سے سرکاری خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر ہدایت دی کہ گرین پولیسنگ یونٹ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد مرحلہ وار بڑھائی جائے اور اس ماڈل کو دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پولیسنگ نہ صرف ایندھن کے اخراجات کم کرے گی بلکہ صاف ستھری فضا اور گڈ گورننس کے وژن کو بھی عملی شکل دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے