لاہور:پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈرونز کے ذریعے سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کے خدشات کے پیش نظر آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 دن کے لیے فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی لگائی اور نوٹیفکیشن کے ذریعے عوام کو مطلع کیا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہالز اور مارکیز میں تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلیجنس ایجنسیز اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے، اس اقدام کا مقصد صوبے میں عوامی اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے بھی پابندی کے فوری نفاذ کے لیے منصوبہ بندی کر لی ہے۔ راولپنڈی میں تمام بلند عمارتیں، اہم سرکاری اور نجی مقامات، اور میٹرو ٹریک کے اطراف سے ڈرونز کی موجودگی مانیٹر کی جائے گی تاکہ کسی بھی غیر قانونی پرواز کا فوری پتہ لگایا جا سکے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو اس پابندی کی مکمل تعمیل کرنی ہوگی اور کسی بھی غیر قانونی ڈرون پرواز کے بارے میں فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دی جائے۔ یہ اقدام صوبے میں سیکیورٹی کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے اور حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
