English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایرانی پاسداران انقلاب کی نیتن یاہو کو نشانہ بنانے کی دھمکی

القمر

تہران:ایران کی پاسداران انقلاب نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ زندہ ہیں تو وہ ایران کے اہم اہداف میں شامل ہیں اور ایرانی حملوں کا ہدف رہیں گے۔ اس بیان کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید شدت آ گئی ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب، جسے اسلامی پاسدارانِ انقلاب کور کہا جاتا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں نیتن یاہو کو بچوں کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر حال میں نشانہ بنایا جائے گا، اسرائیلی قیادت کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ حالیہ میزائل حملوں کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو مارے گئے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ نیتن یاہو محفوظ ہیں اور ان کی ہلاکت سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

اسرائیلی حکام کے مطابق وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں اور ان کی سکیورٹی کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے ان خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوام میں بے چینی پھیلانا ہے۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ ہفتوں میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات اور فوجی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پورے مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے