ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

 بھارتی ریفائنریز کی ایرانی تیل خریداری، ادائیگیاں چینی یوآن میں شروع

ممبئی: بھارتی آئل ریفائنریز نے امریکی پابندیوں میں دی گئی عارضی رعایت کے تحت ایران سے خریدے گئے خام تیل کی ادائیگیاں چینی یوآن میں شروع کر دی ہیں، جس کے لیے ممبئی میں قائم آئی سی آئی سی آئی بینک کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ پیش رفت عالمی توانائی اور مالیاتی نظام میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی   میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ امریکا نے روسی اور ایرانی تیل کی خریداری کے لیے 30 روزہ عارضی رعایت دی تھی، جس کا مقصد جنگ کے باعث عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایران پر طویل عرصے سے عائد پابندیوں کے باعث ادائیگی کے روایتی طریقہ کار میں مشکلات پیش آ رہی تھیں، جس کے نتیجے میں کئی ممالک ایرانی تیل خریدنے سے گریز کر رہے تھے۔ حالیہ رعایت کے بعد کچھ خریداروں نے دوبارہ ایرانی تیل کی خریداری شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے رواں ماہ کے آغاز میں تقریباً 20 کروڑ ڈالر مالیت کا قریب 20 لاکھ بیرل ایرانی خام تیل خریدا۔ یہ سات سال بعد بھارت کی جانب سے ایرانی تیل کی پہلی باضابطہ خریداری قرار دی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت نے نجی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے لیے ایرانی تیل لے جانے والے چار جہازوں کو اپنی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت بھی دی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ریفائنریز ادائیگیوں کے لیے آئی سی آئی سی آئی بینک کا استعمال کر رہی ہیں، جو اپنی شنگھائی برانچ کے ذریعے چینی یوآن میں رقوم فروخت کنندگان کے اکاؤنٹس میں منتقل کر رہا ہے۔ ان فروخت کنندگان کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں