اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر میٹرو بس سروس سمیت پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو تاحکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دونوں شہروں میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور مال بردار ٹرانسپورٹ اگلے احکامات تک بند رہے گی۔ اس فیصلے کا مقصد سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا بتایا گیا ہے۔
میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پمز اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے اور یہ سروس تاحکم ثانی معطل رہے گی، صدر اسٹیشن سے کچہری اسٹیشن تک میٹرو بس سروس معمول کے مطابق جاری ہےتاکہ شہریوں کو محدود حد تک سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کو عارضی طور پر روکا جا سکتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں اسلام آباد کا رخ نہ کریں تاکہ غیر ضروری پریشانی سے بچا جا سکے۔
شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں کی بندش کے پیش نظر متبادل راستے اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، صورتحال کے مطابق فیصلوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، ٹرانسپورٹ کی بحالی سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔