ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا بڑا اقدام، زرعی ٹیکس کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

لاہور:پنجاب اسمبلی میں ایک اہم آئینی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایگزیکٹو آرڈر کا استعمال کرتے ہوئے زرعی ٹیکس سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا۔ اس اقدام کو پارلیمانی اختیار کے تحفظ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ایوان میں اس پر بھرپور ردعمل بھی سامنے آیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ملک محمد احمد خان نے اپنی رولنگ میں واضح کیا کہ کسی بھی قسم کا ٹیکس عائد کرنے کا اختیار صرف اور صرف منتخب ایوان کے پاس ہوتا ہے اور کوئی بھی سرکاری افسر یا ایگزیکٹو اتھارٹی اس اختیار کو استعمال نہیں کر سکتی، زرعی ٹیکس کے نفاذ سے متعلق جاری کیا گیا نوٹیفکیشن آئینی اصولوں کے منافی ہے۔

اسپیکر نے اپنی رولنگ میں مزید کہا کہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت کسی بھی انتظامی افسر کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ از خود ٹیکس عائد کرے، ایسے اقدامات نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ پنجاب اسمبلی کے استحقاق کو بھی مجروح کرتے ہیں، جس کی ہر صورت حفاظت ضروری ہے۔

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لے اور ایگزیکٹو اتھارٹی کی جانب سے لگائے گئے تمام ٹیکسز کا ریکارڈ مرتب کرے،وہ پندرہ دن کے اندر اپنی جامع رپورٹ تیار کرکے پنجاب اسمبلی میں پیش کرے تاکہ آئندہ کے لیے واضح لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

اسپیکر کی رولنگ کے بعد ایوان میں موجود ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کے اقدام کو سراہا اور اسے جمہوری اصولوں کی پاسداری قرار دیا۔ دلچسپ امر یہ رہا کہ اپوزیشن اراکین نے بھی اس فیصلے کی حمایت کی اور اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں