لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن مشن سے صرف بھارت اور اسرائیل کو تکلیف ہے جبکہ باقی دنیا، تمام جماعتیں اور ممالک پاکستان کی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات اور خطے میں امن کی کوششوں کے حوالے سے عالم اسلام اور عالمی برادری کو پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد حاصل ہے،بے بنیاد افواہیں، غلط بیانی اور پروپیگنڈا ان سفارتی کوششوں کو متاثر نہیں کر سکتا۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے تمام اسلامی اور عرب ممالک کے ساتھ ساتھ یورپ، امریکا اور ایران کو بھی امن عمل میں شامل کرتے ہوئے اعتماد میں لیا ہے، آنے والے چند گھنٹوں میں پاکستان کے امن مشن کے حوالے سے مزید مثبت پیشرفت سامنے آنے کی توقع ہے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو جسم اور روح” کا رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ محبت اور تعاون کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی اور امن کو اپنی سلامتی اور امن سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔