پاکستان میں مئی 2026 کے دوران غیر معمولی طویل تعطیلات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جہاں سرکاری چھٹیوں، ہفتہ وار ویک اینڈز اور ممکنہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کو ملا کر مجموعی طور پر 11 سے 19 دن تک چھٹیاں بننے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مہینہ تعطیلات کے اعتبار سے ایک منفرد شکل اختیار کر رہا ہے، جس کے باعث ملازمین، طلبہ اور کاروباری طبقے میں خاص دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔ مختلف اداروں میں موجود کفایت شعاری پالیسی اور ورک فرام ہوم کے رجحان نے اس صورتحال کو مزید نمایاں بنا دیا ہے۔
مئی کا آغاز یکم مئی بروز جمعہ یومِ مزدور کی سرکاری تعطیل سے ہوگا، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ویک اینڈ چھٹیاں مل کر مہینے کے آغاز میں ہی مسلسل تین دن کا وقفہ فراہم کریں گی۔
اسی طرح دوسرے، تیسرے اور چوتھے ہفتے میں بھی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی مسلسل تعطیلات کے باعث ہر ہفتے تین دن کا بریک متوقع ہے، جس سے پورے مہینے میں وقفے وقفے سے آرام کے مواقع بڑھ جائیں گے۔
سب سے اہم مرحلہ عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کا ہے، جو مئی کے آخری عشرے میں آنے کا امکان ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو متوقع ہے، جس کے مطابق اگر ذوالحجہ کا چاند 17 مئی کو نظر آگیا تو عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی کے درمیان منائی جا سکتی ہے۔ اس صورت میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں شامل ہو کر طویل تعطیلات کا سلسلہ بن سکتا ہے۔
اگر چاند نظر نہ آیا اور مہینہ 30 دن کا مکمل ہوا تو عید 28 سے 30 مئی کے درمیان ہونے کا امکان ہے جبکہ 31 مئی بروز اتوار کی چھٹی بھی شامل ہو جائے گی۔ اس طرح عوام کو کم از کم تین سے پانچ دن کی مسلسل چھٹیاں میسر آ سکتی ہیں۔
مزید یہ کہ اگر حکومت کی جانب سے 25 مئی بروز پیر کو اضافی تعطیل دی گئی تو 23 اور 24 مئی کے ویک اینڈ کے ساتھ ملا کر تقریباً ایک ہفتے تک مسلسل تعطیلات کا امکان بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر مختلف عوامل کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ مئی 2026 میں 11 سے 19 دن تک چھٹیاں ممکن ہیں، جو حالیہ برسوں میں ایک غیر معمولی صورتحال ہوگی۔