امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو 4 جولائی تک تجارتی معاہدہ طے کرنے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورت دیگر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کردیا جائے گا۔
جمعرات کے روز جاری بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یورپی یونین کو امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدے کی منظوری 4 جولائی تک دینا ہوگی، ورنہ اسے بھاری ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپی قانون ساز اور مختلف حکومتیں معاہدے پر حتمی اتفاقِ رائے قائم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے یورپی کمیشن کی صدر سے گفتگو کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یورپی یونین کو امریکا کی 250 ویں سالگرہ تک کی مہلت دی ہے، بصورت دیگر ٹیرف فوری طور پر بہت زیادہ بڑھا دیے جائیں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس صورتحال سے امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے، کیونکہ دونوں فریقین پہلے ہی کئی معاشی معاملات پر اختلافات رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے امریکا درآمد ہونے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
