علامہ سید ساجد علی نقوی اور عبدالعلیم خان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انتخابی مفاہمت، سیاسی اتحاد اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی کے تناظر میں ہوئی، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور ممکنہ اتحاد کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کے انتخابی حلقوں میں ممکنہ سیاسی تعاون اور مفاہمت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حالات میں اتحاد و اتفاق کی سیاست ناگزیر ہو چکی ہے اور سیاسی قوتوں کے درمیان مکالمے کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان میں سیاسی مفاہمت کے عمل کو آئندہ ملاقاتوں کے ذریعے مزید وسعت دی جائے گی تاکہ انتخابی ماحول میں مثبت اور باہمی تعاون پر مبنی فضا قائم کی جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ایسی قیادت کو سامنے لانا ضروری ہے جو شفاف، باصلاحیت اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے، خطہ قدرتی وسائل اور خوبصورتی سے مالا مال ہے اور اسے بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی دی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ خطے میں استحکام اور بہتر سیاسی ماحول قائم ہو سکے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں کے وفود بھی شریک ہوئے جنہوں نے انتخابی تعاون، سیاسی رابطوں اور مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔ استحکام پاکستان پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے درمیان جاری یہ رابطے آئندہ دنوں میں مزید سیاسی پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان ابتدائی انتخابی امور پر بھی باضابطہ اجلاس ہوا جس میں مختلف حلقوں کی صورتحال اور ممکنہ انتخابی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
