English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان پر اسرائیلی بمباری، خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد شہید

القمر

جنگ بندی معاہدے کے باوجودجنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ ایک بار پھر شدت اختیار کرگیا ہے جہاں مختلف علاقوں میں ہونے والے فضائی اور ڈرون حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 19 افراد شہید جبکہ دو درجن کے قریب زخمی ہوگئے۔ تازہ حملوں کے بعد خطے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی ہے اور متعدد خاندان محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں سکسکیہ، نباتیہ، سعدیات اور میفدون کو نشانہ بنایا، کئی رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ متعدد گاڑیاں اور دکانیں بھی ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ امدادی کارکن مسلسل متاثرہ علاقوں میں لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

قصبہ سکسکیہ میں ہونے والے شدید فضائی حملے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک کمسن بچی بھی شامل ہے۔ زخمی ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

اسی طرح نباتیہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شامی شہری اور اس کی 12 سالہ بیٹی جان کی بازی ہار گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ ایک رہائشی علاقے سے گزر رہے تھے۔ مقامی آبادی نے اس حملے کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 2 ہزار 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں شہری اپنے گھروں سے بے دخل ہوکر مختلف علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ لبنان کی حکومت نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں شمالی اسرائیل کے فوجی اہداف پر ڈرون اور راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ تنظیم کے مطابق جب تک لبنان پر حملے بند نہیں ہوتے مزاحمت جاری رہے گی۔

ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں صرف حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں، اسلحہ گوداموں اور راکٹ لانچنگ  سمیت شہری مقامات کو نشانہ بنایا جائےگا، لبنان میں تباہ ہونے والی رہائشی عمارتوں اور شہری ہلاکتوں نے اسرائیلی مؤقف پر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ اپریل میں امریکی ثالثی کے ذریعے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی طے پائی تھی لیکن اس کے باوجود سرحدی علاقوں میں کشیدگی مسلسل برقرار ہے اور خطے میں ایک بڑی جنگ کے خدشات دوبارہ سر اٹھانے لگے ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے