معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔
پاکستان اور مالدیپ کے درمیان 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
پاکستان اور مالدیپ نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون کی غرض سے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا ہے۔ ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان انسداد منشیات اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بھی اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ مالدیپ کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار تقریب،گارڈ آف آنر پیش
اس کے علاوہ پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور مالدیپ کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ طبی ماہرین کی بھرتی کے حوالے سے بھی دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے بھی دستاویزات کا تبادلہ ہوا، جبکہ پاکستان اور مالدیپ نے بحری سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ان مفاہمتی یادداشتوں کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔