سری نگر/جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ایسوسی ایشن نے بدھ کے روز سری نگر کے پریس انکلیو میں پُرامن احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ معذور افراد کو درپیش مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دیرینہ مطالبات کو پورا کیا جائے۔
احتجاج کے دوران ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر عبدالرشید بٹ نے پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کی توجہ معذور افراد کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کرانا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کرنا ہے۔
عبدالرشید بٹ نے جموں و کشمیر میں ڈس ایبلٹی کمشنر کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کی شکایات کے ازالے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اس عہدے پر تقرری ناگزیر ہے۔
انہوں نے معذور افراد کی ماہانہ پنشن میں اضافہ کرکے اسے 20 ہزار سے 30 ہزار روپے تک کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے تعلیم، روزگار اور دیگر شعبوں میں معذور افراد کے لیے مناسب ریزرویشن فراہم کرنے پر زور دیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ معذور افراد کے دیرینہ مطالبات پورے کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے وضع کردہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک معذور افراد کے جائز مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، ایسوسی ایشن ان کے مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments