بہار ایم ایل سی انتخاب: انتخابی تشہیر کا آج آخری دن، 8 سیٹوں کے لیے 23 اکتوبر کو ہوگی ووٹنگ

بہار قانون ساز کونسل کی 8 نشستوں پر انتخاب ہونا ہے، اور آج انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ آج شام 5 بجے انتخابی تشہیر ختم ہو جائے گی۔ پٹنہ گریجویٹ سیٹ کی بات کریں تو یہاں انتہائی دلچسپ مقابلہ مانا جا رہا ہے۔ 23 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس سیٹ پر جَن سوراج کے امیدوار انوج سنگھ اور جے ڈی یو کے امیدوار نیرج کمار کے درمیان مقابلہ سخت بتایا جا رہا ہے۔ انوج سنگھ کی حمایت جے ڈی یو کے موکاما سے رکن اسمبلی اننت سنگھ کر رہے ہیں۔ ایسے میں بنیادی طور پر مقابلہ اننت سنگھ اور نیرج کمار کے درمیان ہی مانا جا رہا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انتخابی مہم کے آخری دن تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے امیدوار کی جیت کے لیے پوری طاقت جھونک دیں گی۔ اس سے قبل بھی کئی لیڈر امیدواروں کے لیے ووٹ مانگتے نظر آچکے ہیں۔ کہیں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، تو کہیں عوامی جلسے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ بعض مقامات پر عوام سے براہ راست گفتگو کرکے طرح طرح کے وعدے کیے جا رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق 8 سیٹوں میں 4 گریجویٹ اور 4 ٹیچرس انتخابی حلقے میں کل 164 امیدواروں نے پرچہ نامزدگی داخل کی ہے۔ ٹیچرس انتخابی حلقے میں 66 امیدوار جبکہ گریجویٹ انتخابی حلقے میں 98 امیدوار شامل ہیں۔ ووٹنگ 23 اکتوبر کو ہوگی، اور 27 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ہونی ہے۔

این ڈی اے کی جانب سے 4 جے ڈی یو اور 4 بی جے پی کے امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ آر جے ڈی کی بات کریں تو 6 سیٹوں پر امیدوار اتارے گئے ہیں۔ جبکہ جن سوراج نے سبھی 8 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ کئی نشستوں پر ایک ہی اتحاد کی مختلف جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ دیکھا جا سکتا ہے۔

بہرحال، پٹنہ گریجویٹ سیٹ پر جے ڈی یو امیدوار نیرج کمار اور جن سوراج امیدوار انوج سنگھ، کے علاوہ آر جے ڈی کے دلیپ کمار اور کانگریس کے اسد اللہ خان بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سیٹ پر مقابلہ صرف نیرج اور انوج کے درمیان نہیں ہوگا، بلکہ دلیپ کمار اور اسداللہ خان بھی اپنا تاثر چھوڑیں گے۔ حالانکہ اس سیٹ پر مقابلہ اس وجہ سے زیادہ دلچسپ ہو گیا ہے کہ جے ڈی یو رکن اسمبلی اننت سنگھ اپنی ہی پارٹی کے امیدوار نیرج کمار کی حمایت کرنے کے بجائے جن سوراج کے انوج سنگھ کی حمایت کر رہے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں